نئی دہلی ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سونے کی چمک آج مسلسل دوسرے دن بھی ماند رہی اور اس کی قیمت میں مزید 350 روپئے کی گراوٹ آئی۔ صرافہ بازار میں چھ ماہ میں اب تک کی کم قیمت کے ساتھ یہ 29,000 روپئے فی 10 گرام سے نیچے چلی گئی۔ عالمی سطح پر سونے کی طلب میں کمی کا رجحان پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ گھریلو مارکٹ میں جیویلرس کی مانگ بھی کم ہوگئی ہے۔ چاندی کی قیمت بھی 41,000 کے نشانہ سے نیچے چلی گئی۔ صنعتی یونٹس اور سکہ سازوں کی خریدی میں کمی کے باعث آج 735 روپئے گراوٹ کے ساتھ اس کی قیمت 40,700 روپئے فی کیلو رہی۔ حکومت نے 8 نومبر کو 500 اور 1000 روپئے کی کرنسی بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے نقد رقم کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔