30 ماہ میں پہلی مرتبہ 31,550 فی دس گرام، اندرون ملک زبردست مانگ
نئی دہلی 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سونے کی قیمت آج اچانک بڑھ کر 31,550 روپئے فی 10 گرام تک پہونچ گئی ہے۔ گزشتہ 30 ماہ کے دوران یہ اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ آج سونے کی قیمت میں 450 روپئے کا اضافہ ہوا۔ بین الاقوامی مثبت رجحان اور ساتھ ہی ساتھ اندرون ملک طلب میں اضافہ کی وجہ سے جیویلرس زیادہ مقدار میں سونا خرید رہے ہیں اور اِس قیمتی دھات کی قیمت میں اضافہ کا اہم سبب ہے۔ چاندی کی قیمت بھی گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 47,000 روپئے فی کیلو کے نشانہ تک پہونچ گئیح ہے۔ اس کی قیمت میں 750 روپئے کا اضافہ ہوا اور موجودہ قیمت 46,950 روپئے فی کیلو گرام ہے۔ تاجرین نے کہاکہ جون سے سونے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ اِس کے علاوہ ڈالر کی قدر کمزور ہونے کے سبب ستمبر میں امریکہ میں شرح سود بڑھنے کا امکان ہے۔ اِس کے نتیجہ میں سونے کی طلب بھی بڑھ سکتی ہے کیوں کہ لوگ اسے محفوظ سرمایہ تصور کرتے ہیں۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا اور آج سنگاپور میں اِس کی قیمت 1352.16 ڈالر فی اونس رہی۔