انڈونیشیاء کے قاری کا سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل
جکارتہ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہر مسلمان کی یہ عین خواہش ہوتی ہیکہ اس کا خاتمہ بالخیر ہو۔ انڈونیشیاء کے ایک معروف قاری شیخ جعفر عبدالرحمن کے ساتھ ایسا ہی ہوا۔ وہ سورۃ الملک کی تلاوت کررہے تھے اور جب اس آیت پر پہنچے (ترجمہ : وہی (اللہ) ہے جس نے موت و زندگی کو پیدا کیا تاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے کون اچھے عمل کرتا ہے۔ وہ زبردست اور بخشنے والا ہے) ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کرگئی۔ انڈونیشیاء کے وزیرسماجی امور بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔ جسے راست نشر کیا جارہا تھا۔ یہ واقعہ پیر کو پیش آیا۔ چارمنٹ کی یہ ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ کئی افراد نے ان کی موت کو قابل رشک قرار دیا اور ایک دوسرے کو خاتمہ بالخیر کی دعا دی۔