سنی یا شیعہ نام کا کوئی دین نہیں، دین صرف اسلام ہے:اردغان

انقرہ ۔ 30ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ترک صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ سنی یا شیعہ نام کا کوئی دین نہیں، ہمارا ایک ہی دین ہے جو کہ اسلام ہے۔افریقی ممالک کے دورے تیونس سے واپسی کے دوران طیارے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ مغربی ممالک مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مغربی میڈیا انہیں اور ان کے ملک کو سنی مسلمان کے نام سے پکار رہا ہے تاہم وہ سنی یا شیعہ کی تفریق کا حصہ نہیں بنیں گے کیونکہ وہ صرف اسلام کو مذہب سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے سازشی کھیل سے بچنے کے لئے انتہائی محتاط رہنا ضروری سمجھتے ہیں۔القدس سے متعلق استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے ترک صدر نے بعض عرب رکن ممالک کے روئیے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس اہم مسئلے پر چند عرب ممالک نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تاہم اس کے باوجود اجلاس میں شرکت تسلی بخش تھی۔