سنیما ہال میں قومی ترانے کو سپریم کورٹ نے لازمی قراردیا۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے روز ملک کی تمام سنیماہالس میں فلم کی شروعات سے قبل قومی ترانہ بجانے کے احکامات جاری کئے۔

عدالت نے کہاکہ اسکرین پر ترنگے کے ساتھ قومی ترانہ بجایا جائے۔عدالت نے کہاکہ جس وقت قومی ترانہ بجے گا اس وقت سنیما حال میں موجود تمام کو اس کے احترام میں کھڑا ہوجانا لازمی ہوگا۔جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس امیتاوے رائے کی بنچ نے کہاکہ اس سے دستور حب الوطنی اور قومیت کے احساس میں اضافہ ہوگا۔بنچ نے کہاکہ ’’ ہر شہری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہمیشہ قومی ترانے کا احترام کرتے ہوئے دستورکا احترام کریں‘‘۔

مفاد عامہ میں دائر کردہ ایک درخواست ( پی ائی ایل)جو شیام نارائن چوکسے نے داخل کرتے ہوئے قومی ترانے بچانے کے لئے عدالت سے احکامات جاری کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

عدالت نے قومی ترانہ کے کمرشیل استعمال سے سختی کے ساتھ منع بھی کیا ہے۔بنچ نے اپنے احکامات میں کہاکہ ترانے کو ’’ ناپسندیدہ چیزوں‘‘ پر پرنٹ بھی نہیں کیا جانا چاہئے۔قومی ترانے کے ساتھ کسی بھی قسم کے اشتراک سے بھی عدالت نے منع کیا ہے ۔ اندرون دس یوم ان احکامات پر عمل آواری کو سختی کے ساتھ یقینی بنانے کاکام کیاجائے گا۔