ورنگل میں ٹی آر ایس کے جلسہ سے کے سی آر کا جذباتی خطاب
حیدرآباد۔ 27 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 2019ء انتخابات میں ٹی آر ایس کی دوبارہ شاندار کامیابی کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آخری قطرۂ خون تک مخالف تلنگانہ عناصر کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل تک وہ چین کی سانس نہیں لیں گے۔ کے سی آر آج ورنگل میں پارٹی کے 16 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ ریاست کے تمام اضلاع سے لاکھوں کی تعداد میں پارٹی کارکنوں اور عوام نے جلسہ میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ تحریک کے آغاز سے لے کر حکومت کے تین سال کی تکمیل تک مختلف تجربات اور حالات کا احاطہ کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس نے 14 برس تک تلنگانہ ریاست کیلئے جدوجہد کی اور اب گزشتہ تین برسوں سے اس کا مقصد تمام طبقات کی یکساں ترقی کیساتھ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل ہے۔ چیف منسٹر نے آخر میں جذباتی انداز میں خطاب کیا اور کہا کہ وہ اپنی جان کی تک پرواہ نہیں کریں گے اور ریاست کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ اپوزیشن بالخصوص کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس قائدین جنہوں نے متحدہ آندھرا پردیش میں اپنی کرسیوں کو بچانے کیلئے تلنگانہ کیساتھ ناانصافی پر خاموشی اختیار کی، عوام کی جانب سے انہیں سبق سکھانے کا وقت آچکا ہے۔