سنگھ پریوار اسکول سے مسلم لڑکے کی امتیازی کامیابی

گوہاٹی ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں معمولی پس منظر سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم لڑکے نے گوہاٹی میں سنگھ پریوار کی طرف سے چلائے جانے والے اسکول سے دسویں جماعت کے امتحان میں امتیازی کامیابی حاصل کی۔ سرفراز حسین کو جو شنکر دیو شیشو نکیتن کا طالب علم ہے، گذشتہ روز معلنہ نتائج کے مطابق 600 کے منجملہ 590 نشانات حاصل ہوئے۔ سرفراز حسین کو سنسکرت میں مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں میں بھی کئی ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں۔ اس نے دو سال قبل بھگوت گیتا کے پاٹھ کے مقابلے میں بھی پہلا مقام حاصل کیا تھا۔ سرفراز کی اس امتیازی کامیابی کی اطلاع کے ساتھ ہی اس کے اسکول میں جشن جیسا ماحول پیدا ہوگیا اور اساتذہ نے اس ہونہار طالب علم کی گلپوشی کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ سرفراز نے کہا کہ ہائیر سکنڈری میں وہ سائنس کا مضمون لینا پسند کریں گے کیونکہ وہ انجینئر بننا چاہتے ہیں۔ سرفراز نے کہا کہ ’’مجھے بیحد خوشی ہوئی ہے جس کو میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔ میں اپنے والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے کافی محنت کی اور جب بھی وقت ملا تعلیم پر توجہ مرکوز کی‘‘۔ سرفراز نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ اچھا پڑھنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ موبائیل فون اور دیگر الیکٹرانک مشغلوں میں اپنا وقت برباد نہ کریں۔ سرفراز کے والد ہوٹل ملازم ہیں۔