مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت سے مایوسی، اُتم کمارریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/25اپریل، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے کہاکہ سماج کے تمام طبقات اُمید بھری نظروں سے کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ 2019 ء کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ بی جے پی کے قائدین ناگم جناردھن ریڈی ، اے سرینواس، انقلابی شاعر غدر کے فرزند سوریہ کرن کے علاوہ کئی قائدین نے راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ آج اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹردہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکے ہیں، دونوں ہی حکومتوں نے عوامی ارمانوں کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ بی جے پی ملک کو ترقی دینے اور فلاح و بہبود کے اقدامات کرتے ہوئے شہریوں میں اتحاد پیدا کرنے کے بجائے سیاسی مفاد پرستی کیلئے مذاہب، ذات پات کا زہر گھولتے ہوئے عوام کو تقسیم کررہی ہے جس سے بدظن ہوکر ناگم جناردھن ریڈی کے بشمول بی جے پی کے دوسرے قائدین کانگریس میں شامل ہوئے۔ سیکولر نظریات کو فروغ دینے انقلابی شاعر غدر کے فرزند سوریہ کرن بھی کانگریس کا حصہ بن گئے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس کے جھوٹے وعدوں کا بھرم ٹوٹ چکا ہے۔ عوام دھوکہ دہی کو سمجھ رہے ہیں، عوام کا کانگریس پر اعتماد بحال ہوگیا ہے اور سماج کے
تمام طبقات اُمید بھری نظرو ںسے کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ راہول گاندھی تیزی سے نریندر مودی کے متبادل بن کر اُبھر رہے ہیں۔ تلنگانہ حکمران ٹی آر ایس کے بشمول مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہیں، جو قائدین کانگریس سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شامل ہوئے وہ بھی دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ عوامی جذبات اور قربانیوں کا ہمدردانہ جائزہ لینے کے بعد سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے لیکن تلنگانہ ریاست کو ایک خاندان کا غلام بنانے کی سازش پر عمل کیا جارہا ہے۔ کے سی آر کا خاندان تمام قدرتی وسائل کو لوٹ رہا ہے۔جدوجہد سے حاصل کردہ تلنگانہ ریاست میں جمہوریت کو بحال کرنے کیلئے کانگریس کو اقتدار میں لانا ضروری ہوگیا ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر و دیگر قائدین موجود تھے۔