سلورکوئن سندھو کا فقیدالمثال استقبال ‘ ایئرپورٹ سے جلوس

قابل فخر شٹلر پر پھولوں کی بارش ‘ گچی باؤلی اسٹیڈیم میں پُراثرتہنیتی تقریب‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ‘دوسروںکا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز)  ریو اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کرنے والی ’’سلور کوئن‘‘ پی وی سندھو کا تلنگانہ حکومت نے فقیدالمثال استقبال کیا  ۔ شمس آباد ایرپورٹ سے گچی باولی اسٹیڈیم تک ریالی منظم کی گئی ۔ 15 تا 20 کیلو میٹر تک کھلی جیب میں اسٹیڈیم تک پہونچنے والی سندھو پر راستے میں پھول برسائے گئے ، اسکولی طلبہ اور سماج کے تمام طبقات نے سڑکوں کے کنارے ٹھہر کر خیرمقدم کیا۔ قومی پرچم لہراتے ہوئے سندھو سندھو کے نعرے لگائے ، مہدی پٹنم علاقے میں فوجیوں نے سندھو کو سیلوٹ کیا ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے کہاکہ تلنگانہ کی دختر کو سارے ملک پر فخر ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے سندھو اور ان کے کوچ گوپی چند کو تہنیت پیش کی ۔ تاہم ان کا ریمارک سندھو کو گولڈ میڈل جیتنے کیلئے گوپی چند سے بہتر کوچ کی خدمات حاصل کرنا متنازعہ بن گیا ۔ اولمپکس 2016 ء کے ویمنس سنگلز بیاڈمنٹن مقابلے میں سلور میڈل حاصل کرنے والی حیدرآبادی شٹلر پی وی سندھو کی آج برازیل سے حیدرآباد واپسی پر صبح 9 بجے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی کے علاوہ ریاست کے کئی وزراء اور دوسرے قائدین نے پی وی سندھو کا خیر مقدم کیا اور انہیں سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ۔ بعد ازاں انہیں پھولوں سے سجی ہوئی کھلی جیپ میں شمس آباد ایرپورٹ سے گچی باؤلی کے بالا یوگی اسٹیڈیم تک ریالی میں پہونچایا گیا ۔ بچے بوڑھے خواتین اور سماج کے تمام طبقات فلگ شگاف نعروں سے سندھو کا خیرمقدم کیا ۔ گچی باؤلی میں کلچرل پروگرامس کا اہتمام کیا گیا ۔ سندھو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے عوام بے چین تھے اور گچی باؤلی کا اسٹیڈیم تنگ دامنی کا شکوہ کر رہا تھا ۔ حکومت کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب اور عوام کے والہانہ استقبال سے سندھو خوشی سے سرشار ہوگئیں ۔ انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اتنے شاندار پیمانے پر خیرمقدم کرنے کی امید نہیں تھی ۔ مستقبل میں مزید بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کی وہ ہر ممکن کوشش کریں گی ۔ انہوں نے ان کی کامیابی کیلئے دعائیں کرنے والے عوام کوچ گوپی چند اور اپنے والدین کے ساتھ ساتھ حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے سلور میڈل حاصل کرنے والی پی وی سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی دختر کو سارے ہندوستان پر فخر ہے ۔ انہوں نے سندھو کے کوچ گوپی چند کو گلیلگاتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ تلنگانہ حکومت کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کھلاڑیوں کو تیار کرنے میں مکمل تعاون کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی اپنے تعاون کو جاری رکھے گی۔ تلنگانہ کے عوام اور حکومت کو اپنی دختر پر فخر ہے اور امید ہے کہ پی وی سندھو اپنے کھیل میں مزید بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ملک اور تلنگانہ کا ساری دنیا میں نام روشن کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈل حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو انعام و ا کرام سے نوازا جارہا ہے کیونکہ وہ اس کے مستحق بھی ہیں ۔ تاہم عوام ٹوکیو اولمپکس کیلئے ابھی سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے زور دے رہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آج سندھو اور گوپی چند شام میں چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ اسپورٹس کی پالیسی سب کیلئے متاثر کن ثابت ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کرنے والی پی وی سندھو کو چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے 5 کروڑ روپئے کا چیک حوالے کیا اور ان کے کوچ گوپی چند کو ایک کروڑ روپئے کا چیک دیاگیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی نے جئے تلنگانہ نعرے کے ساتھ سندھو کا استقبال کرتے ہوئے کہا سندھو پر ہمیں اور سارے ملک کو ناز ہے اور مستقبل میں سندھو سے عوام کو کئی امیدیں وابستہ ہیں۔ سندھو کے کوچ پی گوپی چند نے ان کا اور سندھو کا حکومت کی جانب سے شاندار خیرمقدم کرنے پر چیف منسٹر تلنگانہ اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2000 میں ملیشوری کی جانب سے میڈل حاصل کرنے پر وہ متاثر ہوئے تھے ۔ پی وی سندھو سے ساری نوجوان نسل متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کے علاوہ دوسروں نے بھی خطاب کرتے ہوئے پی وی سندھو کو مبارکباد دی ۔