واشنگٹن-امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ سعودی عرب اہم اتحادی ہے تنہا نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سعودیہ خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے اور اسے تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔
مائیک پومپیو نے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خاشقجی کیس کی وجہ سے ہم سعودی عرب پر دباؤ نہیں ڈال سکتے۔
امریکی وزیر خارجہ نے خاشقجی کے قتل میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ملوث ہونے کے امکانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ولی عہد کے بارے میں جتنی رپورٹس سامنے آئی ہیں ان میں کوئی سچائی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاشقجی کیس کے باوجود امریکا سعودی ولی عہد کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ محمد بن سلمان کی اقتدار پر گرفت مضبوط ہے اور وہ امریکا کے اتحاد کے لیے بہت اہم ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب امریکی سینیٹ میں قرارداد پاس ہوئی ہے جس میں خاشقجی قتل کا ذمہ دار سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو قرار دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 2 اکتوبر میں سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی سفارت خانے گئے تھے جہاں انہیں قتل کردیا گیا تھا۔
بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔