سعودی عرب ، امریکہ ، آسٹریلیا اور کینیڈا میں رمضان کا آغاز، ہندوستان میں کل پہلا روزہ

نئی دہلی ۔ /5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عربی ، خلیجی ممالک کے علاوہ مغربی ممالک ، امریکہ ، کینیڈا ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، روس اور چیچنیا میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ ہندوستان میں منگل کو پہلا روزہ ہوگا ۔نماز تراویح کا سب سے بڑا اجتماع حرم شریف میں دیکھا گیا ۔ مسجد نبوی مدینہ منورہ کے علاوہ خلیجی ممالک کے تمام مساجد میں نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا ۔ امریکہ میں مسلم تنظیموں نے رویت ہلال کیلئے خصوصی انتظام کیا تھا جبکہ پڑوسی ملک کینیڈا میں بھی اوٹوا ریجن میں مسلمانوں کی کثیر تعداد نے رویت کی تصدیق کی ۔ آسٹریلیا میں امام کونسل نے چاند دیکھنے کی تصدیق کی ۔ نیوزی لینڈ میں کریسٹ چرچ اور آکلینڈ کی مساجد میں چاند دیکھنے کی اطلاع دی گئی ۔ ہندوستان میں رویت ہلال کمیٹیوں کے ذریعہ جاری پریس ریلیز کے مطابق آج رمضان المبارک کی چاند نظر نہیں آیا ۔ مختلف ریاستوں سے تصدیق نہ ہونے کے بعد تمام کمیٹیوں نے اس بات کا اعلان کیا کہ کل /6 مئی بروز پیر شعبان المعظم کی /30 تاریخ ہوگی اور پہلا روزہ /7 مئی بروز منگل کو رکھا جائے گا ۔ امارات شرعیہ ہند نئی دہلی ، امارات شرعیہ بہار ، اڈیشہ ، جھارکھنڈ ، پھلواری شریف پٹنہ ، مرکزی جمعیت اہلحدیث ، جمعیت ہلال کمیٹی نئی دہلی ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے صدر اور شاہی امام مولانا سید احمد بخاری مرکزی چاند کمیٹی کے صدر ، امام عیدگاہ لکھنؤ مولانا خالد رشید فرنگی محلی وغیرہ نے منگل کو پہلا روزہ ہونے کی اطلاع دی ۔کولکتہ ، مغربی بنگال اور آسام میں بھی چاند نظر نہیں آیا ۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد
واشنگٹن ۔ /5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ساری دنیا کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی اور کہا کہ اس مقدس ماہ میں عالم اسلام کے علاوہ ساری دنیا کے بنی نوع انسان کے اندر بھائی چارہ ، محترم معاشرہ کے فروغ ، ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی جاتی ہے ۔ اس سارے ماہ کے دوران ایک دوسرے سے مل جل کر رہنے اور رمضان کے جذبہ کی قدر کرنے کی ضرورت ہے ۔ امریکہ اور ساری دنیا کے مسلمانوں کو خاص مہینے کی برکتیں حاصل ہونے کی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔