نئی دہلی-وزیر خارجہ سشما سوراج نے بحرین میں غلامی کی زندگی گزارنے والی ایک ہندوستانی خاتون کی محفوظ رہائی میں تعاون کے لئے ہندوستانی مشن اور بحرین حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
محترمہ سوراج نے بحرین میں ہندوستانی سفیر آلوک کمار کو خطاب کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ انہیں ہندوستانی خاتون کی رہائی یقینی بنانے کے لئے مسٹر کمار پر فخر ہے ۔
انہوں نے مسٹر کمار سے بحرین حکومت کا اس معاملے میں تعاون دینے کے لئے ان کی طرف سے شکریہ ادا کرنے کو کہا ہے ۔
بحرین میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے کل شام اس خاتون کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔
ہفتہ کے روز انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی تھی کہ ایک ہندوستانی خاتون کو بحرین میں اس کے آجر نے غلام بنا کر رکھا ہوا ہے اور اس کی جان کو خطرہ ہے ۔
اس کے بعد محترمہ سوراج نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہندوستانی سفیر کو فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرنے کی ہدایت دی تھی۔