سشما سوراج سہ روزہ دورہ پر جاپان کیلئے روانہ

نئی دہلی ۔ 28 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج جاپان میں اپنے ہم منصب تارو کونو کے ساتھ نویں انڈو جاپان اسٹریٹجک مذاکرات میں حصہ لینے کے لئے تین روزہ دورے پر آج یہاں سے روانہ ہوئیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کر کے بتایاکہٹوکیو میں ہندوستان ۔جاپان کے وزرائے خارجہ کے نویں اسٹریٹجک مذاکرات کے لئے سشماسوراج اپنے تین روزہ دورے کے لئے جاپان روانہ ہو گئیں۔ ان کے دورہ کا مقصد جاپان کے ساتھ ہماری خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری مضبوط کرنا ہے۔سشما سوراج اپنے ہم منصب کی دعوت پر جاپان کے دورے پر گئیں ہیں۔ اس دوران وزیر خارجہ اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ نویں انڈو جاپان اسٹریٹجک مذاکرات کی کو چیئر ہوں گی اور دونوں ملک باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور مشترکہ مفادات ،علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔وزارت خارجہ نے منگل کو یہاں اپنے بیان میں کہا کہحالیہ برسوں میں مختلف سیکٹروں میں دو طرفہ تعلقات میں مضبوطی آئی ہے ۔ ستمبر 2017ء میں جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کے ہندوستان دورے سے ان تعلقات کو نیا حوصلہ ملا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس وقت جاپان ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، تعمیراتی ، مالیاتی منڈیوں اور صلاحیت کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دیگر سیکٹروں میں بھی سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے ۔