سشماکی وزیرخارجہ جاپان سے مثبت بات چیت

ٹوکیو ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج نے آج وزیرخارجہ جاپان تارکونو کے ساتھ ثمرآور بات چیت کی۔ دونوں قائدین نے وسیع تر باہمی، علاقائی اور عالمی مسائل پر جو باہمی مفادات کی بنیاد پر تھے، تبادلہ خیال کیا۔ سشماسوراج تین روزہ دورہ جاپان پر ہیں۔ بحیثیت وزیرخارجہ یہ ان کا اولین دورہ جاپان ہے۔ وزیرخارجہ جاپان نے ان کا استقبال کیا اور 9 ویں ہند ۔ جاپان دفاعی مذاکرات کے دوران باہمی تعلقات کے پورے منظرنامہ پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین نے وزیراعظم شنزوایب کے انتہائی کامیاب دورہ ہند کے دوران دیئے ہوئے تیقنات پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیرخارجہ کونو اور سشماسوراج کی بات چیت انتہائی تعمیری تھی۔ باہمی، علاقائی اور عالمی مسائل، باہمی مفاد کے پورے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سشماسوراج نے جاپان کو ہندوستان کا فطری شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں پیشرفت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ چاہے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی یا انسانی وسائل کے سلسلہ میں ہوں، دونوں ممالک باہمی تعاون سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ہندوستان اور جاپان کے اقدار اور تاریخ مشترک ہے۔ بدھ مت دونوں ممالک کو متحد کرتا ہے۔