سشماسوراج کی کمبوڈیا کے وزیرخارجہ سے ملاقات

باہمی و بین الاقوامی امور پر بات چیت، دو سمجھوتوں پر دستخط
پہنام پنہہ ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج نے آج یہاں اپنے کمبوڈیائی ہم منصب پراک سوکھون کے ساتھ باہمی، ہمہ فریقی اور کلیدی بین الاقوامی امور و مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ملکوں نے تعاون کے فروغ کیلئے دو سمجھوتوں پر دستخط کئے۔ سشماسوراج نے جو اپنے دو قومی چار روزہ دورہ کے اختتامی مرحلہ میں کمبوڈیا کے دورہ پر ہیں سوکھون کے ساتھ وفد کی سطح پر باہمی، ہمہ فریقی اور اہم بین الاقوامی امور پر گفت و شنید کی۔ بعدازاں ہندوستانی سفارتخانہ نے ٹوئیٹ کیا کہ ’’دونوں وزراء نے وفد کی سطح پر اہم بیان الاقوامی، ہمہ فریقی اور باہمی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ سشماسوراج اس موقع پر وزیراعظم ہن سین اور سینٹ کے سربراہ سیچہم سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ گذشتہ روز ویتنام کے دارالحکومت میں اپنے ہم منصب پھام بنہہ منہہ سے وسیع تر مذاکرات کے دوران باہمی تجارت ؍ سرمایہ کاری، بحری نگرانی اور دفاعی تعاون کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ کمبوڈیا کے پریہہ ویہار میں 11 ویں صدی کے شیو مندر کے مقام کے عالمی ورثے کی حیثیت سے تحفظ کے لئے سب سے پہلی یادداشت مفاہمت پر دستخط کی گئی۔ دوسری یادداشت مفاہمت ہندوستانی خارجہ خدمات ادارہ اور کمبوڈیائی قومی ادارہ برائے سفارت و بین الاقوامی تعلقات کے مابین تعاون سے متعلق تھی۔ کمبوڈیا اور چین سے ہندوستان کے قدیم دوستانہ تعلقات ہیں اور وزیرخارجہ سشماسوراج جنوب مشرقی ایشیائی علاقہ میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو متواز بنانے ہندوستان کی کوشش کے ایک حصہ کے طور پر ان دونوں ممالک کا دورہ کی ہیں۔