سشماسوراج کی چین میں وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت

وزیردفاع نرملا سیتارامن بھی وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کریں گی
بیجنگ ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہند سشماسوراج آئندہ ہفتہ چین کے دورہ پر روانہ ہوں گی جہاں وہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن

(SCO)

کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔ اجلاس میں شرکت کے علاوہ موصوفہ اپنے چینی ہم منصب وانگ لی سے بھی بات چیت کریں گی۔ اطلاعات کے مطابق سشماسوراج 21 اپریل کو چین پہنچیں گی جبکہ 22 اپریل کو وانگ لی سے ان کی ملاقات مقرر ہے اور 24 اپریل کو شنگھائی کو آپریشن آرگنائزیشن

(SCO)

کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ گذشتہ ماہ وانگ لی کو اسٹیٹ کونسلر کے عہدہ پر بھی ترقی دی گئی تھی اور اس ترقی کے بعد سشماسوراج اور وانگ کی یہ پہلی ملاقات ہوگی۔ وانگ لی اس طرح اب چین کے ایک اعلیٰ سطحی سفارتکار بن چکے ہیں جہاں وہ بیک وقت دو عہدے سنبھال رہے ہیں۔ سشماسوراج چین کے دورہ کے بعد منگولیا روانہ ہوجائیں گی۔ واضح رہیکہ سشماسوراج اور وزیردفاع ہند نرملا سیتارامن تقریباً ایک ہی وقت میں چین کا دورہ کررہی ہیں۔ سیتارامن 24 اپریل کو ایس سی او کی وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔ ایس سی او اجلاس دراصل جون میں منعقد شدنی آٹھ رکنی گروپ ممالک کے اجلاس سے قبل منعقد ہونے والا اہم اجلاس ہے۔ آٹھ رکنی گروپ میں ہندوستان اور پاکستان کو بھی حالیہ دنوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم ہند نریندر مودی ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کریں گے جو ماہ جون میں چین کے شہر تنگڈاؤ میں منعقد ہوگا۔