سشماسوراج کی جاپان کی قیادت سے ملاقاتیں

ٹوکیو ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہند سشماسوراج نے آج وزیراعظم جاپان شینزوابے سے ملاقات کی جہاں دونوں قائدین نے دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ سشماسوراج جاپان کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے شینزوابے کو وزیراعظم ہند نریندر مودی کی جانب سے بھیجی گئی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات کے دوران شینزوابے نے سشماسوراج سے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں پرانے جو دوستانہ تعلقات ہیں، ان کا تعلق ہمارے ’’دلوں‘‘ سے ہے جہاں دونوں ممالک کی ترقی کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ وزیرخارجہ کی حیثیت سے سشماسوراج کا یہ پہلا دورہ جاپان ہے۔ محترمہ چہارشنبہ کو یہاں پہنچیں جہاں وہ نویں انڈیا ۔ جاپان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گی۔ کل انہوں نے اپنے جاپانی ہم منصب تاروکانو سے ملاقات کی تھی۔ اپنے دورہ کو انتہائی ثمرآور قرار دیتے ہوئے سوراج نے کہا کہ ان کے دورہ سے وزیراعظم ہند نریندر مودی کے آئندہ دورہ جاپان کا سنگ بنیاد پڑ گیا ہے۔ شینزوابے سے ملاقات کے فوری بعد سشماسوراج اپنے تین روزہ دورہ جاپان کا اختتام کرتے ہوئے ہندوستان روانہ ہوگئیں۔