سری لنکا کی اجتماعی قبر سے 150 انسانی ڈھانچے برآمد

کولمبو۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے سابق جنگی علاقہ میں جہاں 30 سال تک باغی تمل ٹائیگرس اور سرکاری افواج خانہ جنگی میں مصروف رہی، اسی علاقہ میں دریافت کی گئی ایک قبر سے 150 انسانی ڈھانچے ملے۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ شمال مشرقی ڈسٹرکٹ منار میں دریافت کئے گئے انسانی ڈھانچوں میں سے 14 ڈھانچے بچوں کے تھے۔ منار کی ایک کوآپریٹیو سائٹ پر کھدوائی کا کام گزشتہ ڈھائی ماہ سے جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا یہ ایک اجتماعی قبر ہے۔ یاد رہے کہ مارچ میں تعمیراتی ورکرس کو کھدوائی کے دوران انسانی ڈھانچے ملے تھے۔ نئی عمارت کی تعمیر کیلئے بنیاد کھودنے کے وقت انسانی ڈھانچے ملے تھے جس کے بعد انہیں نکال کر منار مجسٹریٹ ایک علیحدہ کمرے میں رکھا گیا تھا جنہیں بعدازاں کاربن ٹسٹنگ کیلئے بھیجا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 1980ء سے سری لنکا میں ایل ٹی ٹی ای نے جو دہشت گردانہ کارروائیاں کی تھیں، اسی دوران متعدد افراد کے لاپتہ ہوجانے کی شکایتیں بھی پولیس اسٹیشنوں میں درج کروائی گئی تھیں۔ حکومت سری لنکا نے مسلسل غوروخوض کے بعد لاپتہ افراد کے بارے میں شکایتیں درج کرنے کیلئے ایک خصوصی دفتر کو اس سال قائم کیا ہے۔