’’ کتوں کا ایک بچہ بھی بچ کر بھاگنے نہ پائے‘‘ ، فیس بک پر نفرت انگیز پوسٹ
کولمبو ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لئے سوشیل میڈیا میں فیس بک کا بے جا استعمال کیا جارہا ہے۔ فیس بک پر مارچ میں ایک نفرت پر مبنی بیان پوسٹ کیا گیا تھا۔ ’’سری لنکا میں تمام مسلمانوں کا قتل کردو، کتوں کا ایک بچہ بھی بچ کر بھاگنے نہ پائے‘‘۔ جزیرہ سری لنکا کے بدھسٹ اکثریتی علاقوں میں انتہا پسندوں نے مسلمانوں کو چن چن کر مار ڈالنے کا عہد کیا ہے۔ مسلمانوں کے مکانات، دوکانات اور کاروباری علاقوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فیس بک کے علاوہ دیگر دو مقبول ایپس واٹس ایپ اور اِنسٹا گرام کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ فیس بک کے ذمہ داروں نے اس طرح کے نفرت پر مبنی پیامات کو روکنے کیلئے تاخیر سے کارروائی شروع کی ہے۔ سری لنکا میں 6 ملین یوزرس ہیں۔ اس نے فیس بک استعمال کرنے والے سنہالیوں کا ریکارڈ اکٹھا کرکے ان میں سے نفرت پر مبنی مواد پوسٹ کرنے والوں کا اکاؤنٹ بند کردینا شروع کیا ہے۔ فیس بک نے امیت ویرا سنگھے نامی ایک بدھسٹ انتہا پسند کے بشمول کئی انتہا پسندانہ پیامات روانہ کرنے والوں کے اکاؤنٹ بند کردیئے ہیں۔ اس بدھسٹ کے 1,50,000 فالوورس ہیں ۔ جنوبی کانڈی میں مسلمانوں پر حملوں کی ویڈیوز بھی اَپ لوڈ کئے تھے۔ ویرا سنگھے اور دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔