سرینگر ۔ /9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے مضافات میں سکیورٹی فورسیس نے آج ایک انکاؤنٹر کے دوران تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ۔ ایک فوجی عہدیدار نے کہا کہ ’ مجگنڈ میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا‘۔ انہوں نے کہا کہ انکاؤنٹر کے مقام سے اسلحہ بر آمد ہوئے ہیں ۔ سکیورٹی فور سیس نے ہفتہ کی رات شہر کے مضافاتی علاقہ مجگنڈ میں سرینگر ۔ بانڈی پورہ روڈ کے قریب ناکہ بندی کے بعد تلاشی مہم شروع کی تھی ۔ لیکن تلاشی مہم میں مصروف ٹیم پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے بعد یہ کارروائی انکاؤنٹر میں تبدیل ہوگئی ۔ انکاؤنٹر اگر چہ رات دیر گئے ختم ہوگیا لیکن سکیورٹی فور سیس نے دیگر عسکریت پسندوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے سخت ناکہ بندی کو بدستور برقرار رکھا تھا ۔
چنانچہ اتوار کی اولین ساعتوں میں یہ انکاؤنٹر دوبارہ شروع ہوا اور فائرنگ کے تبادلہ میں تین عسکری ت پسند مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیم کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔