اکشے یاترا فاونڈیشن سے تجاوز کی طلبی، کابینی سب کمیٹی کا اجلاس، کڈیم سری ہری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 جولائی (سیاست نیوز) کابینی سب کمیٹی نے سرکاری جونیر ڈگری، بی ایڈ، پالی ٹیکنک ماڈل جونیر کالجس کے 5 لاکھ طلبہ کو دوپہر کے کھانے کی اسکیم پر عمل کرنے کا جائزہ لیا۔ اکشے یاترا فاونڈیشن کے نمائندوں کو تین اقسام کی تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی اور اگست کے تیسرے ہفتے میں ایک اور اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آج سکریٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کی صدارت میں کابینی سب کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا۔ اس اجلاس میں ریاستی وزراء ایٹالہ راجندر، ہریش راؤ اور اندرا کرن ریڈی نے شرکت کی۔ حکومت تلنگانہ ایک اور منفرد اسکیم کو متعارف کرانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ سرکاری اسکولس کی طلبہ کو دوپہر کے کھانے کی اسکیم پر مؤثر طریقہ سے عمل آوری کرتے ہوئے ملک کی شاباشی حاصل کرنے والی تلنگانہ حکومت دوپہر کے کھانے کی اسکیم کو جونیر و ڈگری کالجس تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر کابینی سب کمیٹی نے آج اکشے یاترا فاونڈیشن کے نمائندوں کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ کے جونیر و ڈگری کالجس، پالی ٹیکنکس، ماڈل جونیر کالجس، بی ایڈ، ڈی ایڈ کالجس کے 5 لاکھ طلبہ کو بھی دوپہر کے کھانی کی اسکیم میں شامل کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ کابینہ سب کمیٹی نے کالجس کے طلبہ کو معیاری اور تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے کیلئے اکشے یاترا فاونڈیشن کو تین تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی۔ 5 لاکھ طلبہ کو دوپہر کا کھانا سربراہ کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق اشیاء کی سربراہی، تمام اشیاء اکشے یاترا فاونڈیشن کے ذریعہ حاصل کرتے ہوئے کھانے کی سربراہی۔ لیمن رائیس، بلاک رائیس، اپما، جوار، راگی پر مشتمل لنچ کی فراہمی پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ریاست کے 31 اضلاع میں سرکاری کالجس کے طلبہ کو دوپہر کے موقع پر کھانا سربراہ کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق کچنس تیار کرنے اور بنیادی سہولتوں کے انتظامات کرلینے کی کابینی سب کمیٹی نے اکشے یاترا فاونڈیشن کے نمائندوں کو مشورہ دیا۔ اکشے یاترا فاونڈیشن کے علاوہ کالجس کے قریب موجود رہنے والے ہوٹلس، میس کے ذریعہ بھی طلبہ کو دوپہر کا کھانا سربراہ کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ تمام تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اگست کے تیسرے ہفتے میں ایک اور اجلاس سکریٹریٹ میں طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اکشے یاترا فاونڈیشن کے نمائندوں کو تب تک تجاویز پر مشتمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں محکمہ تعلیم کی اسپیشل پرنسپل سکریٹری راجیولہ آچاریہ، سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اشوک کے علاوہ دوسرے عہدیدار بھی موجود تھے۔