500 کروڑ کی اراضی پر 60 کروڑ روپئے سے محل تعمیر ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 28 اپریل ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے 500 کروڑ روپئے ملکیت کی ایک لاکھ مربع فیٹ اراضی پر 60 کروڑ روپئے سے تعمیر کردہ عالیشان محل میں زندگی گزارنے ، مہنگی گاڑیوں و پرائیوٹ جیٹ طیاروں میں سفر کرکے عوامی دولت کو لٹانے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے سی آر کی جاگیر نہیں ہے ۔ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کا ایک ایم پی بھی کامیاب نہیں ہوگا ۔ جب ٹینٹ نہیں رہے گا تو تھرڈ فرنٹ کہاں سے آئیگا ۔ ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن تلنگانہ کونسل محمد علی شبیر سابق ایم پی انجن کمار یادو نائب صدر پردیش کانگریس عابد رسول خاں کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر پر چلر سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دھوکہ دہی اور کردار سے عاری کے سی آر کو ان کے خلاف ریمارکس کا اخلاق حق بھی نہیں ہے ۔ اپوزیشن قائدین ، جدوجہد تلنگانہ میں حصہ لینے والوں کی توہین کرنے کو بھی ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ وہ سیاست میں قدم رکھنے سے قبل فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر 150 کمروں کے گھر میں رہنے کا الزام عائد کرنے کی تردید کی اور کہا کہ انہوں نے 500 کروڑ روپئے ملکیت والی ایک لاکھ مربع فیٹ اراضی پر 60 کروڑ روپئے سے تعمیر کردہ عالیشان محل میں رہنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ جس پر آج بھی وہ اٹل ہیں ۔ شادیوں میں شرکت کیلئے جیٹ طیاروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ الٹرا لگثرری گاڑیوں میں گھوم رہے ہیں ۔ تلنگانہ کے سی آر خاندان کی جاگیر نہیں ہے ۔ بحیثیت اصل اپوزیشن کانگریس عوامی دولت کو لٹانے پر اعتراض کررہی ہے ۔ تلنگانہ کی جدوجہد میں زندگیاں قربان کرنے کسانو کی خودکشی ، طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ اور ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کیلئے فنڈز نہ ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ مگر چیف منسٹر سارے شوق پورے کررہے ہیں ۔