وفاقی فورسیس کو سخت جوابی کارروائی کا مکمل اختیار : نرملا سیتارامن
نئی دہلی ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیردفاع نرملا سیتارامن نے آج کہا کہ سرحد پار سے ہونے والے کسی بھی بلااشتعال حملے کو جواب دیئے بغیر چھوڑا نہیں جائے گا اور دفاعی فورسیس ان حملوں پر سخت جوابی کارروائی کریں گے۔ وزیردفاع جنگ بندی سمجھوتہ سے دونوں ملکوں کے اتفاق کے باوجود ہند ۔ پاک سرحد پر فائرنگ سے متعلق سوالات کا جواب دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہم اپنی سرحدوں کو محفوظ رکھیں گے۔ فورسیس کو کسی بھی بلااشتعال فائرنگ کا جواب دینے کا اختیار حاصل ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی بلااشتعال حملے کو کسی جواب کے بغیر چھوڑا نہ جائے‘‘۔ وزیردفاع نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران جنگ بندی کی کامیابی کا تعین ان کی وزارت کا کام نہیں ہے۔ سیتارامن نے کہاکہ ’’ہم اس بات کا اختیار دے چکے ہیں کہ کسی بھی بلااشتعال حملے کا سخت جواب دیا جائے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں رمضان کے دوران نافذ جنگ بندی کے کامیاب ہونے یا نہ ہونے سے متعلق اندازہ کرنا وزارت دفاع کا کام نہیں ہے۔