سخت محنت، بہتر عادات و اطوار اور جنرل نالج کامیابی کے ضامن

خواتین کیلئے بہترین مواقع، ڈی سی پی ستیہ نارائنا کے امیدواروں کو مفید مشورے، پولیس تقررات کے سلسلہ میں ادارہ’ سیاست‘ کی خدمات کی سراہنا

٭  جناب عامر علی خاں کی شرکت  ٭  اردو مواد کی تقسیم
٭ اضلاع کے امیدواروں کیلئے خصوصی سہولت

حیدرآباد۔/24فبروری، ( سیاست نیوز) آج کے مسابقتی دور میں کامیابی کیلئے چند بنیادی اصولوں کو اپنانا ضروری ہے جن میں سخت محنت، بہتر عادات و اطوار اور جنرل نالج میں اضافہ نمایاں اہمیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے یہاں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام پولیس کانسٹبلس تحریری امتحان کے کوچنگ کلاسیس کے امیدواروں سے مخاطب کرتے ہوئے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں کیا ۔ انہوں  کہا کہ اگر ہم اپنے مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے محنت و جستجو کریں تو کامیابی یقینا قدم چومتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ تقریباً 9000 پولیس کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کررہی ہے۔ اس ضمن میں ادارہ سیاست کی جانب سے کوچنگ کلاسیس کے انعقاد کو انہوں نے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پروگرام میں شریک ہوکر خوشی محسوس کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقررات میں سیول کے ساتھ کمیونیکیشن کانسٹبلس کی جائیدادیں بھی ہیں اور یہ امیدواروں کیلئے سنہری موقع ہے۔ اب ساؤتھ زون میں بھی اقلیتی امیدواروں کی بھرتی یقینی ہے۔ آپ کامیاب ہوجانے پر پولیس کی ملازمت یقینی ملے گی۔ انہوں نے سیاست کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اردو کا اخبار ہے اور انٹرنیشنل شہرت رکھتا ہے اور پولیس ٹریننگ اور زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھا ہے جس کے لئے انہوں نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہم سلام کرتے ہیں۔ پولیس ٹریننگ کے طلبہ کو کامیابی کے ٹپس بتاتے ہوئے کہا کہ اب 10میٹر 15سیکنڈ میں اور800میٹر صرف 170 سیکنڈ میں پورا کرنا ہے اس کے لئے ابتداء میں تیز نہ بھاگیں بلکہ آخری وقت میں تیزی کریں، اکثر لوگ جو شروع میں تیزی کرتے ہیں وہ ناکام ہوجاتے ہیں۔نوجوان طبقہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ غلط عادتوں جھگڑوں، معمولی باتوں پر لڑنے سے گریز کریں۔ ایسے واقعات ہوتے ہیں جو معمولی نوعیت کے ہیں جس کا اثر بہت بڑا پڑتا ہے، جب کسی کے والدین اپنے بچوں کو جیل میں دیکھتے ہیں ان پر کیا گذرتی ہے، ایسے واقعات کو نہ ہونے دیں۔ مشن چبوترہ کے حوالہ سے انہوں نے واقعات کا ذکر کیا۔ امیدواروں کی کامیابی کی تلقین کیلئے چند سوالات کئے کہ چارمینار کس نے اور کیوں تعمیر کیا؟ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ہندوستان کے وزیر اعظم کون تھے؟ اب تلنگانہ سے متعلق زیادہ سوالات کئے جائیں گے۔ جنرل سائنس میں ابتدائی سوالات کو اہمیت دیں۔ انہوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ سائنس کے پوسٹ گریجویٹ ہیں اور اس کلاس میں سائنس پڑھانے ایک دن ضرور وقت دیں گے۔ خواتین کیلئے جہاں 33فیصد تحفظات ہیں وہیں پولیس ملازمت کے حصول کا یہ زرین موقع ہے اور اگر کوئی کامیابی کے اقل ترین نشانات حاصل کرلیتا ہے تو اس علاقہ میں جہاں مقابلہ ہے آپ کو ملازمت آسانی سے مل جاتی ہے۔

انہوں نے غذا، نیند، پانی کے استعمال کے فوائد بتائے اور امیدواروں سے سوالات کئے۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے اس موقع پر طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سخت محنت اور جستجو سے اپنا سفر جاری رکھیں۔ سفر کتنا لمبا ہے یہ نہ دیکھیں بلکہ منزل اس کا نشانہ ہو۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ آج ایک اعلیٰ عہدیدار کو مدعو کئے ان سے بھرپور استفادہ کئے ان کو جو عملی تجربات ہیں اس سے فائدہ اٹھاکر پولیس کانسٹبلس اور سب انسپکٹرس کے پوسٹ حاصل کریں۔ اس موقع پر پولیس کانسٹبلس کے تقررات کے تحریری امتحان کی اردو کتاب کو تمام امیدواروں میں مفت تقسیم کیاکہ وہ سال 2002 سے اس کوچنگ سے وابستہ ہیں ا ور تاحال لگ بھگ 9 سو پولیس کانسٹبلس اس سے استفادہ کرتے ہوئے ملازمت حاصل کرچکے ہیں اور یہ آٹھواں بیاچ ہے۔ اس موقع پر ماہر استاد جناب عبدالرحمن موجود تھے۔ سیاست کیریئر کونسلر ایم اے حمید نے خیرمقدم کیا اور نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ سید خالد محی الدین اسد کوچنگ انچارج نے شکریہ ادا کیا۔ فہیم انصاری نے معاونت کی۔ اس کوچنگ سے سینکڑوں طلبہ استفادہ کررہے ہیں۔ اب اضلاع کے طلبہ کیلئے مفت رہائش کے ساتھ انتظام کیا جارہا ہے۔