نئی دہلی۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیتاجی سبھاش چندر بوس کے دو رشتہ داروں نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور شہرۂ آفاق مجاہد آزادی پر کتاب کا ایک نسخہ پیش کیا۔ آنجہانی سبھاش چندر بوس کے بھائی کے پوتے چندرا بوس اور پوتی مادھوری بوس نے پارلیمنٹ ہاؤز کامپلیکس میں مودی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے ایک بیان کے مطابق مادھوری بوس نے اس موقع پر ’’بوس برادران اور ہندوستانی آزادی ۔ ایک اندرون خانہ کا انکشاف‘‘ کے زیرعنوان اپنی کتاب وزیراعظم مودی کو پیش کی۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا انہوں نے نیتاجی سے متعلق ان خفیہ فائیلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے جن کا آئندہ ماہ افشاء کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا دفتر پہلے ہی ان 33 فائیلوں کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کرچکا ہے جن کا 23 جنوری کو سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش کے موقع پر افشاء کیا جائے گا۔