طاق ۔ جفت عدد اسکیم عارضی :چیف منسٹر ، پولیس کے 203 چالان
نئی دہلی ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں آج طاق ۔ جفت اسکیم کا آغاز ہوگیا۔ ہندوستان کی تاریخ میں فضائی آلودگی میں کمی کیلئے یہ منفرد اقدام ہے۔ 8 بجے صبح سے سڑکوں پر صرف طاق عدد کی کاریں چلتی نظر آرہی تھیں۔ 25 زمروں بشمول خواتین اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ سی این جی کی گاڑیوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی 200 ٹیمیں، محکمہ ٹرانسپورٹ کی 66 ٹیمیں اور سب ڈیویژنل مجسٹریٹس کی 40 ٹیمیں پورے شہر میں تعینات کی گئی تھی۔ شام تک ٹریفک پولیس نے اسکیم کی خلاف ورزی پر 203 چالان کئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ اسکیم مستقل طور پر نافذ نہیں رہے گی۔ انہوں نے واضح کردیا کہ 15 جنوری کو جبکہ فضائی آلودگی میں کمی ہوجائے گی، اسکیم ختم کردی جائے گی۔ دو تین ماہ بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اسکیم پر دوبارہ عمل آوری کی جاسکتی ہے۔ دہلی بی جے پی کے صدر اپادھیائے نے برسراقتدار عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے نفاذ میں عملی مسائل ہیں جبکہ دہلی کانگریس نے کوئی تبصرہ نہ کرنے کا رویہ اختیار کیا اور کہا کہ 15 دن بعد جبکہ اسکیم اختتام پذیر ہوجائے گی۔ کانگریس پارٹی اس کے نتائج کا جائزہ لیکر تبصرہ کرسکتی ہے۔ دریں اثناء سماجی ذرائع ابلاغ میں اس اسکیم کی بھرپور ستائش کی گئی۔ کمشنر دہلی جی ایس بسی نے آج اسکیم پر عمل آوری کے دوران جفت عدد والی دو گاڑیوں کو روکا لیکن دونوں گاڑیاں سی این جی کی ثابت ہوئیں جنہیں اسکیم سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔