اقوام متحدہ ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے آج ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح کی جی ڈی پی سے پانچ گنا زیادہ یعنی کھربوں ڈالرس صرف رشوت کے طور پر یا پھر بدعنوانیوں کے ذریعہ ہر سال سرقہ کرلئے جاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگوٹیرس نے ’’بدعنوانیوں‘‘ کو اقوام متحدہ کی اقدار پر حملہ قرار دیا۔ یہ پیغام دراصل انہوں نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر دیا جو ہر سال 9 ڈسمبر کو منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں کو کوئی معمولی جرم تصور نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس سے کئی نسلیں بگڑ جاتی ہیں۔ ان سے ہمارے سماج اسکولس، ہاسپٹلس اور دیگر ضروری خدمات کے اداروں کو لوٹ لیا جاتا ہے یعنی جو رقومات دیانتدارانہ طور پر ان اداروں میں آنی چاہئے وہ بدعنوان ملازمین کی جیب میں چلی جاتی ہے۔ یہی نہیں بلکہ ملک کے قدرتی وسائل بھی بدعنوانیوں کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں جن سے مملکتوں کے خزانے تک خالی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ایک کھرب ڈالرس بطور رشوت خرچ کئے جاتے ہیں اور 2.6 کھرب ڈالرس بدعنوانیوں کی نذر ہوجاتے ہیں۔