ماحولیاتی تبدیلی پر شعور بیداری ، سڈنی میں ایک گھنٹہ برقی بند
نئی دہلی۔/30 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) کرۂ ارض کے تیزی سے ناپید ہونے والے حیاتیاتی تنوع کو ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے بدترین اقدامات سے بچانے کے مقصد سے شعور بیداری کے طور پر آسٹریلیا کے دارالحکومت میں ہفتہ کو ایک گھنٹہ کیلئے برقی سربراہی مسدود کردی گئی۔ جس کے ساتھ ہی سڈنی اوپیرا ہاؤز اور ہاربر بریج قابل دید تاریکی میں ڈوب گیا۔ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ و فروغ پر شعور بیداری کے لئے ہر سال آج ہیے کے دن دنیا بھر کے 180 ملکوں میں مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے ایک گھنٹے کے لئے برقی سربراہی مسدود کردی جاتی ہے ۔ گذشتہ 13 سال سے یہ سالانہ عمل جاری ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت کو اُجاگر کیا جاسکے۔ اس مہم میں سرگرم ایک غیر سرکاری تنظیم کے ذمہ دار نے کہا کہ ’’ بنی نوع انسانی کی ہم وہ پہلی پیڑھی ہیں جو یہ جانتی ہے کہ ہم اس دنیا کو تباہ کررہے ہیں اور ہم وہ آخری پیڑھی ہوسکتے ہیں جو اس کو بچانے کیلئے کچھ کرسکتے ہیں ۔‘‘عالمی ساعت کرۂ ارض ( ارتھ آور ) کے حصہ کے طور پر دیگر عالمی لینڈ مارچ میں بھی برقی بند رکھی جائے گی۔ ان عالمی شہرت یافتہ مقامات میں پیرس کا ایفل ٹاور، نیویارک کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ، دبئی برج خلیفہ اور ایتھنس کا ایکرو پولس شامل ہیں۔