سشما سوراج کے جانشین وزیر خارجہ جئے شنکر کا خطاب
نئی دہلی ، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کا نام لئے بغیر وزیر امور خارجہ ایس جئے شنکر نے آج کہا کہ سارک چند مسائل سے دوچار ہے جن سے سبھی واقف ہیں۔ انھوں نے یقین بھی دلایا کہ دنیا بھر میں مقیم ہندوستانیوں کی اسی طرح اعانت کی جاتی رہے گی جس طرح اُن کے پیشرو سشما سوراج نے نظیر چھوڑی ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا کو بروئے کار لاتے ہوئے مدد کے طلب گار ہندوستانیوں تک رسائی کو یقینی بنایا۔ انھوں نے یہاں ایک سمینار میں سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کی تعریف میں کہا کہ آج بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کو حکومت سے مدد حاصل ہونے کی توقع رہتی ہے۔ اس نے وزارت خارجہ کے امیج کو بدلا ہے۔ سارک اور بمسٹیک گروپوں کے تعلق سے جئے شنکر نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردی کے علاوہ سارک تجارت اور رابطے کے مسائل سے بھی دوچار ہے۔ تاہم، بمسٹیک میں ہندوستان کو جدت اور ذہنیت کے معاملے میں واضح پن نظر آیا ہے۔ ہندوستان کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ اپنے پڑوسیوں کو اس اعتبار سے فروغ دے کہ ہماری ترقی ہمارے پڑوسیوں کیلئے سہارا بن جائے۔ ہم (جنوبی ایشیا میں) سب سے بڑی معیشت ہیں۔ وزیر خارجہ نے ایشیا میں اور اس کے مقابل دنیا کے دیگر حصوں میں قوم پرستی کے معنی پر زور بھی دیا۔ ایشیا میں قوم پرستی اعتماد کا معاملہ ہے جبکہ دنیا کے کئی حصوں میں قوم پرستی کی انتخابی خط اعتماد کے معاملے میں ایک نظریہ کے طور پر توثیق کی گئی ہے اور اس کی مختلف وجوہات ہیں۔ پیشہ کے اعتبار سے سفارت کار و سابق معتمد خارجہ جئے شنکر کا مرکزی وزیر کی حیثیت سے کلیدی قلمدان سنبھالنا شاذونادر مثال ہے۔