سابق کرکٹر گوتم گمبھیر بی جے پی میں شامل 

نئی دہلی : مشہور و معروف سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیرخزانہ ارون جیٹلی اور وزیر قانون ساز شنکر پرساد کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ انہوں نے اس موقع اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی شمولیت میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا انتخاب لڑنے کے تعلق جو بھی فیصلہ ہوگا میرے لئے قابل قبول ہے ۔معتبر ذرائع کے مطابق بی جے پی گوتم گمبھیر کو نئی دہلی سے انتخابی میدان میں کھڑا سکتی ہے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کہا کہ گوتم گمبھیر وزیر اعظم نریندر مودی کے کام سے کافی متاثر ہوئے ہیں ۔ وہ بھی ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔ اسی لئے انہوں نے بی جے پی کا دامن تھاما ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ٹکٹ کے بارے میں فیصلہ انتخابی کمیٹی کرسکتی ہے۔

انہوں نے نوجوت سنگھ سدھو کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ کرکٹ کھلاڑی پاکستان کی حمایت کرتے ہیں لیکن گوتم ویسے نہیں ہیں ۔