نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر چیف منسٹرس کی مبارکباد
نئی دہلی ۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی آج 93 سال کے ہوگئے۔ وزیراعظم نریندر مودی ان کی قیامگاہ پر پہنچ کر مبارکباد دینے والے اولین افراد میں شامل تھے۔ نائب صدر جمہوریہ ہند ایک وینکیا نائیڈو نے بھی واجپائی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ چیف منسٹرس جموں و کشمیر، بہار، نوین پٹنائک نے بھی ان کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اٹل جی کی قیامگاہ پر سالگرہ تقریب کی مبارکباد دینے گیا تھا ان کے خاندان کے ساتھ بھی وقت گذارا۔ قبل ازیں دن میں نریندر مودی نے واجپائی کی روایتی اور بصیرت افروز قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے اور وہ ان کی اچھی صحت کیلئے دعاگو ہیں۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو نے اپنے ٹوئیٹر پر سابق وزیراعظم کی ایک ہندی نظم تحریر کی جس میں عوام پر زور دیا گیا ہیکہ وہ متحد رہیں اور مصیبت کے وقت بھی صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے بھی بی جے پی کے نامور قائد کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ اٹل بہاری واجپائی جی کو سالگرہ کی گرمجوش مبارکباد، وہ ایک صاحب بصیرت قائد ہیں جنہوں نے امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ واجپائی نے کشمیریت برقرار رکھنے کی بھی کشمیر کے عوام سے اپیل کی تھی۔ ان کا تاثر ہندوستان کی تاریخ میں مستحکم اور ناقابل فراموش ہے۔ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بھی آج سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو ان کی 93 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ ان کی درازی عمر، اچھی صحت اور نمایاں زندگی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔ خاص بات یہ ہیکہ نتیش کمار نے ریلوے، زراعت اور وزارت حمل و نقل جیسی اہم وزارتوں پر این ڈی اے دورحکومت میں جبکہ واجپائی وزیراعظم تھے، کام کیا ہے۔ بھوبنیشور سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو ان کی 93 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ سابق وزیراعظم شری اٹل بہاری واجپائی کو ان کی سالگرہ پر گرم جوش مبارکباد میں خدا سے ان کی اچھی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا کرتا ہوں۔ پٹنائک اپنے والد بیجو پٹنائک کی 1997ء میں وفات کے بعد سیاست میں داخل ہوئے تھے اور این ڈی اے دورحکومت میں جبکہ واجپائی وزیراعظم تھے انہیں ایک وزارت سپرد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ واجپائی کی رہنمائی میں انہوں نے بیجو جنتادل قائم کی تھی اور اوڈیشہ میں بی جے پی سے اتحاد کیا تھا ۔ بی جے پی اور بی جے ڈی کی مخلوط حکومت 2000 سے تقریباً 10 سال تک اوڈیشہ میں برسراقتدار تھی۔ 2009ء میں اقتدار سے بیدخل ہوگئی۔