مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے میں عدالت سے رہائی پانے والی سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر نے اورنگ آباد سڈکوناٹیہ گوپ میں ایک پروگرام سے خطاب کیا۔ اپنے
خطاب میں سادھوی نے ممبئی کے دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے پولیس افسران کو شہید منانے سے نہ صرف انکار کیا‘ بلکہ انہیں دہشت گردوں کی صف میں بھی لے جاکر کھڑا کردیا۔ سادھوی نے اس موقع پر ہندوؤں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کریں۔
انہوں نے کہاکہ اگر آپ لوگ زیادہ کچھ نہیں کرسکتے تو بس بچہ پیدا کروان کی ہم پرورش کرلیں گے۔ مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے میں گرفتاری کے بعد سے سرخیوں میں ائی سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر ان دنوں جیل سے باہر ہیں۔وہ ایک نجی پروگرام میں شرکت کی غرض سے اورنگ آباد پہنچی تھیں۔
پروگرام میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر نے کہاکہ ہمیں مشنری اور مدرسوں کی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں ہندوستان چاہئے اور ہندوستان کی تعمیر کے لئے ہندوؤں کو زیادہ بچے پیدا کرنے ہوں گے۔
اگر ان میں پرورش کی استطاعت نہیں تو ہم ان کی پرورش کریں گے اور انہیں ملک کی حفاظت کے لئے تیار کریں گے۔ سادھوی نے کہاکہ دعوی کیا کہ ایسے کئی بچے ان کے یہاں تربیت پارہے ہیں ۔ سادھوی پرگیاسنگھ ٹھاکر نے فلم پدماوت اور اورنگ زیب شہر کے نام پر اپنے انداز میں نکتہ چینی کی۔
ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ ملک کی حفاظت کے لئے وردی پہننا ہی ضروری نہیں بغیر وردی کے بھی ملک پر جان نچھاور کی جاسکتی ہے۔