زرداری اور نواز شریف کی رہائی رقم کی واپسی سے مشروط : عمران خان

اسلام آباد 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہے کہ زرداری اور نوازشریف چاہے اکٹھے ہوجائیں پھر بھی انہیں نہیں چھوڑیں گے تاہم ان کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ قوم کا پیسہ واپس لوٹا دیں ہم انہیں چھوڑ دیں گے۔گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قومیں غریب نہیں ہوتیں،کرپشن غریب اورمقروض کردیتی ہے، پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کررہا تھا لیکن آج پاکستان کے بچے بچے پرقرضہ ہے، قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں، 2 ہزارارب روپے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں لگ جاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق دیوالیہ ہوگیا ہے، اخراجات کے بعد وفاق 700 ارب روپے خسارے میں چلا جاتا ہے اور کرپشن کا پیسا جعلی اکاؤنٹس میں جاتا ہے، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرکے پیسہ بیرون ملک بھجوایا جاتا ہے، سندھ کی سیاسی خاتون کے دبئی میں پانچ گھرنکلے ہیں لیکن آج ڈرامہ ہورہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔