ریونت ریڈی کی راہول کی موجودگی میں کل کانگریس میں شمولیت

کسی شرط یا تیقن کی تردید ، مزید قائدین کی شمولیت کیلئے بات چیت جاری : کنیتا

حیدرآباد ۔ /29 اکٹوبر (پی ٹی آئی) اے ریونت ریڈی جو گزشتہ روز تلگودیشم پارٹی سے مستعفی ہوگئے تھے /31 اکٹوبر کو اے آئی سی سی کے نائب صدر راہول گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت کے لئے پوری طرح تیار ہوچکے ہیں ۔ تلنگانہ میں اے آئی سی سی امور کے انچارج آر سی کنیتا نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریونت ریڈی جو ہم سے بات چیت کرچکے ہیں /31 اکٹوبر کو کانگریس میں شامل ہوجائیں گے ‘‘ ۔ کنیتا نے کہا کہ ’’ریونت ریڈی ایک فعال ، متحرک اور محترم رہنما ہیں اور ہم ان کی کانگریس میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ان (ریونت) کی شمولیت پر کانگریس میں کوئی مخالفت نہیں کی جارہی ہے ۔ ریونت ریڈی تلنگانہ ریاستی تلگودیشم پارٹی کے کارگذار صدر تھے ۔ کنیتا نے کہا کہ بات چیت ہنوز جاری ہے اور مزید چند قائدین بھی کانگریس میں شامل ہوں گے ۔ تاہم فی الحال ان کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا ۔ کانگریس میں کسی کی شمولیت سے قبل کوئی شرائط عائد نہیں کی گئی ہیں ۔ ’’کوئی بھی لیڈر جو کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے ۔ یہ اس کی صلاحیت اور کارکردگی پر منحصر ہوتا ہے ۔ جس کی بنیاد پر انہیں کوئی مقام / عہدہ دیا جاتا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’(عہدہ کے معاملہ میں ) کسی کو کوئی تیقن نہیں دیا گیا ہے ۔ ہم کانگریس میں کسی کی بھی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے ۔ جس (کانگریس) کی 130 سالہ تاریخ ہے ‘‘ کنیتا نے ایک سوال پر جواب دیا کہ راہول کانگریس کا دورہ تلنگانہ مقرر کیا جاچکا ہے ۔ جس کی تواریخ کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا ۔ کنیتا نے قبل ازیں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی اور دوسروں سے مشاورت کی ۔ تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کیلئے ریونت ریڈی گزشتہ روز وجئے واڑہ روانہ ہوئے تھے ۔ جہاں باور کیا جاتا ہے کہ انہوں نے نائیڈو کے پرائیویٹ سکریٹری کو اپنا مکتوب استعفی حوالہ کیا تھا ۔ جس کے فوری بعد وہ حیدرآباد واپس ہوگئے ۔ واضح رہے کہ 2015ء کے ایم ایل سی انتخابات میں وہ ایک نامزد رکن اسمبلی کو مبینہ طور پر رقم کی پیشکش کرتے ہوئے خفیہ کیمرے کے ذریعہ پکڑے گئے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا ۔ ضلع محبوب نگر کے حلقہ کوڑنگل کی نمائندگی کرنے والے اس رکن اسمبلی کی راہول گاندھی سے ملاقات اور کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات پر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی میں حالیہ چند دن سے اضطراب و غیر یقینی دیکھی جارہی تھی ۔ ریونت ریڈی نے آندھراپردیش تلگودیشم پارٹی کے چند قائدین بشمول دو وزراء پر تلنگانہ میں ریاستی ٹی آر ایس حکومت سے خطیر مالیاتی کنٹراکٹس حاصل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا تھا ۔