نئی دہلی۔دل والے دلہنیا لے جائیں گے کا وہ سین جس میں سمرن( کاجول) ٹرین چھوٹنے سے عین قبل اسٹیشن پہنچتی ہے تو راج( شاہ رخ خان)اسکا ہاتھ پکڑ کر ٹرین کے اندر کھینچ لیتا ہے۔ لیکن اب ریلوے نے اپنے اسٹیشن کے اندر ائیر پورٹ جیسی سکیورٹی کی صورت حال نافذ کرنے کا منصوبہ بنایاہے۔
اس کے تحت مسافرین کو ٹرین کے مقرر وقت سے بیس منٹ قبل ریلوے اسٹیشن پر موجود رہنا ہوگاتاکہ سکیورٹی چیکنگ کی وجہہ سے ٹرین چھوٹنے جیسی نوبت نہ آسکے۔ یوپی کے الہ آباد اور کرناٹک کے ہبلی ریلوے اسٹیشن پر تجربہ کے طور پر اس منصوبے کے تحت کام کیاجارہا ہے۔
دیگر202ریلوے اسٹیشنوں پر بھی اس کا نفاذ کرنے کی پوری تیار کی جاچکی ہے۔ریلوے پروٹوکشن فورس( آر پی ایف) کے ڈی جی پی ارون کمار نے بتایاکہ اسکامقصد ریلوے اسٹیشن کوایک طرح سے سیل کرتے ہوئے سکیورٹی کے عمل کو مضبوط بنانا ہے۔
تاکہ کوئی بھی مشتبہ ریلوے اسٹیشن میں داخل نہ ہوسکے۔اس کے تحت ریلوے اسٹیشن پر انے جانے کے تمام راستے محدود کئے جائیں گے۔
دیگر مقامات سے ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے کے راستوں کو بند کردیاجائے گا۔ کچھ مقامات پر اس کے لئے دیواریں بھی کھڑی کی جائیں گی‘ماباقی مقامات پر گیٹ لگائے جائیں گے۔ مرکزی داخلہ پر سکیورٹی کی ذمہ داری ریلوے پروٹوکشن فورسس سنبھا لیں گے۔عصری آلات کے ذریعہ سکیورٹی جانچ ہوگی۔
ریلوے اسٹیشن کے ہر داخلہ مرکزپر سخت سکیورٹی تلاشی لی جائے گی۔ حالانکہ ائیرپورٹ کی طرح مسافرین کو یہاں گھنٹوں پہلے آنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ لیکن لگ بھگ 15سے 20منٹ پہلے آنا ہوگا تاکہ سکیورٹی تلاش کی وجہہ سے ٹرین چھوٹنے کا حالات پیدا نہ ہوسکیں۔