ریاست میں 9 ہزار آئمہ و موذنین کو ماہانہ 5 ہزار اعزازیہ

پجاریوں کو سرکاری ملازمین کی طرز پر تنخواہیں۔ پسماندہ طبقات کو ماہانہ 101 یونٹس مفت برقی
قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے دوران چیف منسٹر کے سی آر کے اعلانات

حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) ریاست میں قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے تلنگانہ کے 9 ہزار آئمہ موذنین کو یکم ستمبر سے ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو گھریلو ضروریات کیلئے ماہانہ 101 یونٹس تک مفت برقی سربراہ کرنے منادر کے پجاریوں کو سرکاری ملازمین کے طرز پر ماہانہ تنخواہیں ادا کرنے ریاست کے 29 منی ریزیڈنشیل اسکولس میں خدمات انجام دینے والے اسٹاف کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے آج اہم فیصلے کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست کے 9 ہزار آئمہ موذنین کو یکم ستمبر سے ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں پہلے مہینے سے ماہانہ 1000 روپئے اعزازیہ ادا کیا گیا ۔ اس کے بعد اضافہ کرکے 1500 روپئے کیا گیا یکم ستمبر 2018 سے اضافہ شدہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ ادا کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تاحال ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو گھریلو ضروریات کیلئے 50 یونٹس تک مفت برقی سربراہ کی جارہی تھی ۔ ٹی وی کے علاوہ دوسرے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ان طبقات کو 101 نوٹس تک مفت برقی سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے جو اخراجات ہونگے حکومت ڈسکام کو ادا کریگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ انڈومنٹ میں شامل ریاست کی تمام منادر کے پجاریوں کی تنخواہوں کو سرکاری ملازمین کے تنخواہوں کی طرز پر ادا کیا جائیگا۔ یکم ستمبر سے سرکاری خزانے سے تنخواہیں ادا کی جائیں گی ۔ جب بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا اسی طرز پر پجاریوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا ۔ پجاریوں کے ریٹائرمنٹ عمر کو 58 سال سے بڑھاکر 65 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے تنخواہوں میں اضافہ اور ریٹائرمنٹ عمر میں توسیع سے متعلق فیصلوں پر رہنمایانہ خطوط تیار کرکے پیر کو احکام جاری کردینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ریاست کے 29 منی ریزیڈنشیل اسکولس میں برسر کار ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ہیڈ ماسٹر / وارڈن کو 5 ہزار سے 21 ہزار تک سی آر ٹیز کو 4 ہزار تا 15 ہزار پی ای ٹیز کو 4 ہزار تا 11 تک اکاونٹنٹ کو 3500 تا 10 ہزار تک اے ایف ایم کو 4 ہزار تا 9 ہزار تک ککس کو ڈھائی ہزار تا 7500 تک آیا کو ڈھائی ہزار تا 7500 تک ہیلپر کو ڈھائی ہزار تا 7500 تک جاروب کشی کرنے والوں کو ڈھائی ہزار تا 7500 تک واچ مین کو ڈھائی ہزار تا 7500 تک اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور فائیل پر دستخط بھی کردئے ہیں ۔