ریاست میں آج سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آغاز

طلباء کو وقت سے قبل امتحانی مراکز پہونچنے کا مشورہ، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات کا ریاست بھر میں آج سے آغاز ہوگا۔ اس خصوص میں ریاستی وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ آج شام سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن اشوک کمار نے اجلاس منعقد کیا اور بتایا کہ طلبہ کو کسی بھی قسم کی پریشانی اور رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ خانگی کالجس کے انتظامیہ کی ہراسانی اور فیس کی عدم ادائیگی سے ہال ٹکٹ حوالہ نہ کرنے کی شکایتوں کا ازالہ کردیا گیا ہے۔ طلبہ راست اپنے ہال ٹکٹ ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے امتحانی مرکز پہونچ سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس مرتبہ فلائنگ اسکواڈ کے ساتھ ساتھ ان کے ہمراہ عملہ کو بھی سیل فون رکھنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ ساتھ ہی انھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے ہی امتحانی مراکز پہونچ جائیں۔ چونکہ ذرا سی تاخیر کی وجہ امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 9 لاکھ 42 ہزار طلبہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شرکت کریں گے۔ جن کے لئے ریاست بھر میں 1277 مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ان مراکز پر دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے۔ جس پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے گا اور تمام مراکز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی رہے گی۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ ہر امتحان مرکز پر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں کوہدایت دی کہ وہ امتحانی مراکز پر پینے کے پانی اور خصوصی طبی ٹیم اور بلارکاوٹ برقی کی سربراہی کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کو دوران امتحان کسی قسم کی کوئی رکاوٹ مشکل پیدا نہ ہو۔ انھوں نے طلبہ سے درخواست کی کہ وہ خوشگوار ماحول میں امتحانات میں شریک ہوں اور وقت کی پابندی کا خصوصی لحاظ رکھیں۔