دیگر رشتہ داروں کے مکانات و دفاتر کی بھی تلاشی ۔ ایک ایڈوکیٹ کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) انکم ٹیکس عہدیداروں نے آج صبح تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر اے ریونت ریڈی اور ان کے رشتہ داروں کے مکانات اور رئیل اسٹیٹ دفاتر پر دھاوے کئے۔ تفصیلات کے بموجب سکندرآباد پدما راؤ نگر کے ساکن ایڈوکیٹ راما راؤ نے کوڑنگل رکن اسمبلی ریونت ریڈی، ان کی بہنوئی وادی ریڈی سریش ریڈی اور دیگر رشتہ داروں جئے پرکاش سودینی، وینکٹ شیوا رامی ریڈی، ویرم ریڈی چندر شیکھر ریڈی اور پراوین ریڈی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور انکم ٹیکس میں شکایت درج کروائی تھی۔ راما راؤ نے ریونت پر الزام عائد کیا کہ فرضی اداروں کے نام پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہورہے ہیں۔ شکایت میں بتایا گیا کہ سری سائی موریا اسٹیٹس اینڈ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام پر وسیع کاروبار کیا گیا اور کمپنی نے گزشتہ چند سال میں 200 تا 300 کروڑ روپئے کا کاروبار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سائی موریا اسٹیٹیس پرائیویٹ لمیٹیڈ ریونت ریڈی کے سسرالی رشتہ داروں کا ادارہ ہے، اس کی آڑ میں کروڑہا روپئے کا کاروبار کیا جارہا ہے۔ درخواست گذار نے آئی ٹی عہدیداروں کو بتایا کہ فرضی اداروں کے نام پر کروڑہا روپئے کی رقمی لین دین ہوئی ہے اور مذکورہ اداروں کی آڑ میں ریونت ریڈی اور ان کے دیگر رشتہ داروں نے فائدہ حاصل کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریونت اور ان کے رشتہ داروں کے خلاف شکایت پر محکمہ کی دو خصوصی ٹیمیں نئی دہلی سے آج شہر پہونچی تھی اور ریونت ریڈی اور رشتہ داروں کے مکانات و دفاتر جملہ 15 مقامات پر دھاوے کئے ۔ دھاوں کے دوران ریونت ریڈی کوڑنگل میں انتخابی مہم میں مصروف تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ عہدیداروں نے اس کارروائی کے دوران رئیل اسٹیٹ دفاتر سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈس ضبط کرلئے۔ آئی ٹی کی کارروائی آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ریونت ریڈی کے مکان پر دھاوے کے دوران بھاری پولیس فورس متعین تھی۔واضح رہے کہ تین سال قبل ریونت ریڈی کو ’نوٹ کے عوض ووٹ کیس‘ میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔
جیل میں رہ کر بھی انتخاب لڑوں گا: ریونت
کے سی آر و مودی مجھے جیل بھیجنا چاہتے ہیں ۔کوسگی میں جذباتی خطاب
کوڑنگل ( کوسگی ) 27 ستمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر اے ریونت ریڈی نے آج کوسگی میں ایک جلسہ سے جذباتی خطاب کیا جبکہ حیدرآباد میں ان کی قیامگاہ پر انکم ٹیکس کے دھاوے چل رہے تھے ۔ ریونت ریڈی نے آج کوڑنگل سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے کوسگی کے جلسہ عام میں شرکت کی ۔ وہ بعد میں آئی ٹی دھاووں کی اطلاع ملنے پر حیدرآباد روانہ ہوگئے ۔ کوسگی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اس بار کے انتخابات میں یہ ان کی آخری تقریر ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ اگر وہ جیل میں بھی رہیں گے تب بھی وہ کوڑنگل سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی ورکرس پر زور دے رہے ہیں کہ وہ انہیں 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ وہ کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے کے سی آر اور نریندرمودی انہیں جیل بھیجنا چاہتے ہیں ۔