روہنگیا مسلمانوں کے کیمپ میں آتشزدگی، کئی خاندان بے گھر

ینگون ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) میانمار کے مغربی علاقہ کے ایک کیمپ میں آتشزدگی کا بھیانک واقعہ پیش آیا جہاں روہنگیا مسلمان رہا کرتے تھے۔ ان کے عارضی کیمپ خاکستر ہوجانے سے 440 خاندان بے گھر ہوگئے۔ دریں اثناء رکھین اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف سوشیل ریلیف کے عہدیدار چوچوون نے بتایا کہ 49 بمبو شیلٹرس جس میں ہرایک شیلٹر میں 8 کمرے تھے، مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ اب تک آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ روہنگیا مسلمانوں کی جو فہرست اقوام متحدہ کی جانب سے گذشتہ سال ڈسمبر میں جاری کی گئی تھی، اس کے مطابق کیمپ کی جملہ آبادی 6917 نفوس پر مشتمل تھی اور رکھین میں واقع 58 کیمپوں میں زائد از 145,000 افراد تھے جن میں روہنگیا مسلمانوں کی اکثریت تھی جو 2013ء کے فرقہ وارانہ فسادات میں بدھسٹوں کے ہاتھوں قتل کئے جانے کے خوف سے اپنے گھروں سے بھاگ کھڑے ہوئے تھے۔