نئی دہلی : شمالی مشرقی ریاستوں سے بڑی تعداد میں روہنگیا مسلمان ٹرینوں کے ذریعہ کیرالا کی طرف جارہے ہیں ۔ اس کے پیش نظر محکمہ ریلوے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ریلوے سیکیوریٹی فورس ( آر پی ایف ) کو ان ٹرینوں پر سخت نظر رکھنے کی ہدایت جاری کی ۔ ریلوے نے یہ کارروائی وزارت داخلہ کی خفیہ رپورٹ ملنے کے بعد کی ہے۔ آر پی ایف نے اپنے افسروں او ر عہدیداروں کو ایک خفیہ خط ارسال کیا ۔
جس میں کہا گیا کہ اگر کوئی روہنگیائی ٹرینو ں میں سفر کرتے ہوئے مل جائے تو اسے مقامی پولیس کے حوالہ کردیا جائے ۔ اس کے ساتھ ہی ان کی معلومات مرکزی دفتر کو دی جائے ۔ انٹلی جنس عہدیداوں نے اپنی خفیہ رپورٹ میں ۱۴؍ ٹرینوں کے نام جاری کئے ہیں ۔واضح رہے کہ ہندوستان میں مقیم تمام روہنگیا کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ را ج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ریاست حکومتوں سے روہنگیاؤں کی سرگرمی کی نگرانی او ران کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کا حکم جاری کیا تا کہ واپس انہیں ان کے ملک بھیجا جاسکے ۔
بی جے پی کی کیرالا ریاستی یونٹ کے ایک اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں سے قومی سلامتی کے لئے اس مسئلے کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے ۔