روہنگیا مسلمانوں کاو اپس لوٹنا ابھی خطرے سے خالی نہیں : ریڈ کراس

ڈھاکہ : بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس ( آئی سی آرسی ) کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے پناہ گزیں کیمپوں میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کا میانمار کے صوبہ رخائن میں اپنے آبائی علاقوں کوواپس لوٹنا ابھی خطرہ سے خالی نہیں ۔ایرانی خبر رساں ادارہ ایس ٹی وی کے مطابق آئی سی آر سی کے صدر پیٹر مور کا کہنا تھا کہ ان کے حالیہ دورہ رخائن میں انہوں نے اس بات کا مشاہدہ کیا ہے کہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی علاقہ کے دورہ کے موقع پر پیٹر مور یر کا کہنا ہے کہ دورہ کے دوران میرے مشاہدہ میں اجڑے ہوئے گاؤں ، برے حالات کا شکار بازار ، ذریعہ معاش کا فقدان سامنے آیا ہے ۔جس کے باعث میرے خیال میں پناہ گزینوں کی واپسی کے لئے ابھی صورتحال سازگار نہیں ۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق میانمار کی جانب سے پہلے ہی کہا جا چکا ہے کہ وہ ۷؍ لاکھ روہنگیا پناہ گزینو کو واپس لینے کو تیار ہے ۔جو گزشتہ برس اگست سے میانمار سے آئے تھے ۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا حالیہ دورہ روہنگیا پناہ گزینوں کی باعزت ، محفوظ او ررضا کا رانہ واپسی کے حوالہ سے حالات کا جائزہ لینے کیلئے کیاگیا ۔