جنیوا ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کمیٹی کے سربراہ زید رعدالحسین نے آج کہا کہ مائنمار حکومت کے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف گذشتہ کئی دہائیوں سے منظم مظالم کے سبب ریاست رکھائین کے تشدد میں ہولناک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ مائنمار کے حکام اس خون خرابی کو روک سکتے تھے۔ زیدرعدالحسین نے بنگلہ دیش کے پڑوسی غریب ملک مائنمار کی ریاست رکھائین میں بڑھتی ہوئی لڑائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ بالخصوص جمعہ کو روہنگیائی عسکریت پسندوں کی جانب سے مائنمار کے سیکوریٹی فورسیس پر گھات لگا کر حملے کئے جانے کے بعد دو طرفہ تشدد میں خطرناک اضافہ ہواہے جس میں 100 سے زائد مہلوکین میں 80 عسکریت پسند بھی شامل ہیں۔ اس تشدد کے بعد روہنگیا کے 8700 مسلم دیہاتی بنگلہ دیش فرار ہوگئے تھے۔