ماسکو۔ یکم اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) روس کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر آج شام کے صوبہ عدلیب میں مار گرایا گیا جس سے اس میں سوار تمام پانچ افراد سمجھا جاتا ہے کہ ہلاک ہوگئے ۔ کریملن کے ترجمان ڈمتری فیسکوف نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جہاں تک انہیں موصولہ اطلاعات سے علم ہوا ہے اور وزارت دفاع نے اطلاع دی ہیلی کاپٹرمیں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ۔ ان کی موت ایک کارنامہ تھی کیونکہ وہ ہیلی کاپٹر کو زمین پرموجود افراد کو بچانے کیلئے دورافتادہ ویران مقام پر منتقل کررہے تھے ۔ قبل ازیں روس کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں پانچ افراد سوار تھے ۔ روسی مگ۔8 فوجی ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر کو زمین سے مار گرایا گیا ۔ جب کہ وہ شام کے شہر حلب کو انسانی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد لے جارہا تھا ۔ وزارت دفاع کے ایک بیان میں روسی خبررساں اداروں کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں تین ارکان عملہ اور دو افسر سوار تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا ۔