نئی دہلی ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جسٹس رنجن گوگوئی کو آج 46 ویں چیف جسٹس آف انڈیا مقرر کیا گیا، وزارت قانون نے یہ بات بتائی۔ وہ 3 اکٹوبر کو عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے جبکہ موجودہ سی جے آئی دیپک مشرا ایک روز قبل سبکدوش ہوچکے ہوں گے۔ جسٹس گوگوئی کی میعاد 13 ماہ سے کچھ زائد ہوگی اور وہ 17 نومبر 2019ء کو ریٹائر ہوں گے۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کوئند نے جسٹس گوگوئی کے تقرر کے دستاویز پر دستخط کئے جس کے بعد اُن کے تقرر کا اعلان کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا گیا۔ 18 نومبر 1954ء کی پیدائش والے جسٹس گوگوئی کو 1978ء میں ایڈوکیٹ کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ انھوں نے گوہاٹی ہائی کورٹ میں دستوری، ٹیکس کاری اور کمپنی امور کے بارے میں پریکٹس کی۔ انھیں گوہاٹی ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر 28 فبروری 2001ء کو مقرر کیا گیا تھا۔ جسٹس مشرا نے رواں ماہ کے اوائل روایتی طریقہ کے مطابق جسٹس گوگوئی کی اپنے جانشین کے طور پر سفارش کی تھی کیونکہ وہ سی جے آئی کے بعد سینئر ترین جج ہیں۔