نئی دہلی۔ راہول گاندھی کی زیرقیادت اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل اپوزیشن پارٹیوں کا ای وفد راج بھون پہنچا۔مذکورہ وفد نے سال2014میں سی بی ائی کی خصوصی عدالت کے جج بی ایچ لویا کی موت کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ہندوستان ٹائمز میں شائع خبر کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں کے 114اراکین پارلیمنٹ نے ایک میمورنڈم پر دستخط کی ہے جس میں ڈی ایم کے ‘ ایس پی‘ کانگریس‘ عآپ‘ آر جے ڈی ‘ مسلم لیگ‘ اے ائی یو ڈی ایف‘ سی پی ائی‘ سی پی ائی ایم اوردیگر شامل ہیں۔
صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد رپورٹرس سے راہول گاندھی نے یہ کہاکہ’’ بہت سارے اراکین پارلیمنٹ کا احساس ہے کہ جج لویا کی موت مشتبہ اور غیریقینی ہے۔ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ اس معاملے میں خود مختار ایس ائی ٹی سے جانچ کرائی جائے مگر سی بی ائی یا پھر این ائی اے سے اس کی جانچ نہیں کرائی جانی چاہئے‘‘۔
راہول گاندھی نے مزیدکہاکہ ’’ یہا ں پر دو اور مشتبہ اموات ہیں جس میں انفرادی طور پر دو لوگوں کی موت ہوئی ہے جس کے متعلق کانگریس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ان اموات کا تعلق جج لویا کے کیس سے ہے‘‘صدرجمہوریہ کو پیش کئے گئے میمورنڈم میں کچھ اس طرح لکھا ہوا ہے کہ ’’ قانون کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے ہم آ پ سے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کرتے ہیں۔
جو چیز درکار ہے وہ اس کیس کی آزادنہ اور منصفانہ تحقیقات ہے جو منتخبہ عہدیداروں سے کرائی جائے اور اس کی نگرانی سپریم کور ٹ کی جانب سے کی جانی چاہئے‘‘۔
میمورنڈم میں اس بات کا بھی تذکرہ کیاگیا ہے کہ ’’ عوام کی آنکھوں میں اداروں کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے اس کام کو سنجیدگی سے کیاجانا چاہئے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ کام نہایت سنجیدگی کے ساتھ کیاجائے گا‘‘