راہول گاندھی کو موہن بھاگوت لیکچر سیریز میں مدعو کرنے کا منصوبہ

سیتارام یچوری بھی مدعوئین میں شامل ہوسکتے ہیں۔ دہلی میں 17 تا 19 ستمبر انعقاد
نئی دہلی 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس کی جانب سے کانگریس صدر راہول گاندھی کو سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کی سہ روزہ لیکچر سیریز کیلئے مدعو کیا جاسکتا ہے جو آئندہ ماہ منعقد ہوسکتی ہے ۔ سنگھ کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اصل منصوبہ یہ ہے کہ مختلف نظریات سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس لیکچر سیریز کیلئے مدعو کیا جائے ۔ ذرائع کے بموجب اس سلسلہ میں فہرست تیار کی جا رہی ہے اور اس میں سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا نام بھی شامل ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی کو اس سیریز میں مدعو کرنے کا خیال اس وقت آیا جب خود سنگھ نے راہول گاندھی کو سنگھ اور اخوان المسلمون کے مابین تقابل پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ آر ایس ایس کے پرچار پرمکھ ارون کمار نے ستمبر میں منعقد ہونے والی سیریز کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سنگھ نے ’’ بھارت کا مستقبل ۔ آر ایس ایس کی سوچ ‘‘ پر موہن بھاگوت کے لیکچر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ارون کمار نے میڈیا سے کہا کہ موہن بھاگوت منتخبہ سامعین سے خطاب کرینگے جن میں اہم شخصیتیں شامل رہے گی ۔ یہ سیریز 17 تا 19 ستمبر وگیان بھون میں منعقد ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے لوگ جاننا چاہتے ہیں اور آر ایس ایس سے جڑنا چاہتے ہیں۔ اسی پس منظر میں یہ لیکچر سیریز منعقد کی جا رہی ہے ۔ سر سنگھ چالک موہن بھاگوت قومی اہمیت کے موجودہ مسائل پر سنگھ کے خیالات کو پیش کرینگے ۔ اس سوال پر کہ آیا راہول گاندھی کو مدعو کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ ابھی فہرست کو قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ یہ سنگھ کا اختیار ہے کہ کسے مدعو کرے اور کسے نہ کرے ۔ یہ کام ہم پر چھوڑ دیا جانا چاہئے تاہم مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ‘ مختلف سیاسی تنظیموں اور نظریات اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائیگا ۔ جاریہ سال جون میں سنگھ نے سابق صدر جمہوریہ و سینئر کانگریس لیڈر پرنب مکرجی کو ناگپور میں منعقدہ تقریب میں مدعو کیا تھا جس میں مکرجی نے شرکت بھی کی تھی ۔