راہول گاندھی کا 13 اور 14 اگست کو دورۂ تلنگانہ

پارٹی کی بس یاترا سے خطاب اور اہم شخصیتوں سے ملاقات ہوگی: اتم کمار ریڈی

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کمیٹی اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی 13 اور 14 اگست کو دو روزہ دورے پر تلنگانہ کو پہونچیں گے ۔ بس یاترا سے خطاب کرنے کے علاوہ کانگریس کے قائدین کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہم شخصیتوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ آج گاندھی بھون میں ٹی پی سی سی ، آئی ٹی سیل کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی باگ دوڑ سنبھالنے کے بعد راہول گاندھی پہلی مرتبہ 13 اور 14 اگست کو تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں دو دن وہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ضلع رنگاریڈی میں کانگریس کی چیتنیہ بس یاترا کے ذریعہ کئی مقامات پر خطاب کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ 13 اگست کو بس یاترا کے دوران ایک مقام پر سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین سے ملاقات کریں گے ۔ دوسرے دن 14 اگست کو طلبہ ، یوتھ کانگریس ، بیروزگار نوجوانوں کے علاوہ غیر سیاسی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے دانشوروں سے ملاقات کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے تلنگانہ کے دو روزہ پروگرام کو قطعیت دے دی ہے ۔ وہ کل یعنی 3 اگست کو کانگریس کے سینئیر قائدین کے ساتھ حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی کے کانگریس قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے راہول گاندھی کے پروگرامس کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی تیار کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کے لیے دیہی سطح سے کام کیا جارہا ہے ۔ شکتی ایپ میں ناموں کے اندراج کا پروگرام بھی کامیابی سے چل رہا ہے ۔ ایک لاکھ سے زائد افراد نے اپنے ناموں کا اندراج کرالیا ہے ۔ ہر بوتھ سے 25 افراد کا نام شکتی ایپ میں اندراج کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ راہول گاندھی کے دورے تلنگانہ کے بعد کانگریس پارٹی کیڈر میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوگا جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی اس کا مقابلہ کرنے پوری طرح تیار ہے ۔