رانچی میں فساد ، جھڑپیں ، آنسو گیاس ، سنگباری کے واقعات

اسکول کے قریب ممنوعہ گوشت کی دستیابی پر دو فرقوں میں کشیدگی، سٹی ڈی ایس پی زخمی

رانچی ۔ /27 جون (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں مشن چوک اسکول کے قریب ممنوعہ گوشت ملنے کے بعد دو فرقوں کے درمیان فساد بھڑک اٹھا ۔ اس دوران متصادم گروپ کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کو آنسو گیاس کے گولے داغنے پڑے ۔ صورتحال فی الحال کشیدہ مگر قابو میں ہے ۔ حساس مقامات پر پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے ۔ سنگباری میں سٹی ڈی ایس پی راجکمار مہتا زخمی ہوگئے ہیں ۔ آج شہر کے مشن چوک اسکول کے قریب کچرے کے ڈھیر میں گوشت دستیاب ہونے کے بعد دو فرقوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ دونوں جانب کے لوگ آمنے سامنے ہوکر ایک دوسرے پر سنگباری کرنے لگے جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور جھڑپیں شروع ہوگئیں ۔ ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیاس شل برسائے ۔ شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول گرم ہے ۔ پولیس نے مائیک کے ذریعہ اعلان کیا ہے کہ گڑبڑ پھیلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ کچرے کے ڈھیر میں ممنوعہ گوشت کی دستیابی کے بعد دو فرقوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی ۔ فساد کی وجہ سے سارا علاقہ اور تجارتی ادارے بند ہوگئے ۔ اسکولوں کو جانے والے طلباء کو بھی پریشانی ہوئی ۔ موٹر گاڑیاں روک دی گئی ۔ پولیس کی بروقت مداخلت اور دونوں فرقوں کے بزرگوں سے ملاقات کے بعد سڑکوں پر جمع افراد کو ہٹانے میں کامیابی ملی ۔ دونوں جانب کے بزرگوں نے معاملہ کو رفع دفع کرنے کی خواہش کی ۔