رام ناتھ کووند آج یو پی سے ملک گیر دورہ کا آغاز کرینگے

لکھنو 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کل اترپردیش کا دورہ کرینگے جہاں وہ اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے ارکان سے تائید حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ یہاں 17 جولائی کو صدارتی انتخاب کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ صدارتی انتخاب میں ہر وووٹ کی سب سے زیادہ قدر اترپردیش سے ہی ہے ۔ رام ناتھ کووند اپنی مہم کے سلسلہ میں ملک بھر کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس کا آغاز کل اتر پردیش سے کیا جا رہا ہے ۔ اس دورہ کے موقع پر وہ الیکٹولر کالج کے ارکان سے ملاقات کرینگے اور اپنی تائید میں ووٹ دینے کی اپیل کرینگے ۔ الیکٹورل کالج ‘ لوک سبھا ‘ راجیہ سبھا کے ارکان ‘ ریاستی ‘ مرکزی زیر انتظام علاقوں کی اسمبلیوں اور دہلی کی اسمبلی پر مشتمل ہے ۔ اترپردیش اسمبلی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ صدارتی انتخاب سے قبل تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں ، الیکشن کمیشن کی ایک ٹیم نے بھی یہاں تیاریوں کا جائزہ لیا اور اس نے ودھان سبھا کے عہدیداروں کے ساتھ کل شام ایک اجلاس بھی منعقد کیا تھا ۔ اس بار انتخابات میں پہلی مرتبہ دہلی سے ایک حصوصی پین اور سیاہی لائی جائے گی تاکہ الیکٹورل کالج کے ارکان صدارتی انتخاب میں اپنی پسند کے امیدوار پر نشان لگاسکیں۔ صدارتی انتخاب میں ووٹ ترجیحی اساس پر نشان لگا کر دئے جاتے ہیں اور پھر ان کی گنتی کرتے ہوئے کامیاب امیدوار کا اعلان کردیا جاتا ہے ۔ رام ناتھ کووند کل یو پی کا دورہ کرنے والے ہیں لیکن ابھی تک ان کے تفصیلی پروگرام کو قطعیت نہیں دی جاسکی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ وہ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان سامبلی سے ملاقاتیں کرینگے ۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی حلیفوں اور دوسری جماعتوں کے قائدین و ارکان سے بھی ملاقات کی جائے گی ۔ امکان ہے کہ وہ یو پی کے بعد اترکھنڈ روانہ ہونگے ۔ چونکہ این ڈی اے امیدوار اترپردیش میں کانپور دیہات سے تعلق رکھتے ہیں ایسے میں چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ اترپردیش کے سپوت ملک کے آئندہ صدر جمہوریہ منتخب ہوجائیں گے ۔