رام مندر کی تعمیر کیلئے یو پی ڈی جی ہوم گارڈکا عہد

لکھنو۔2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ڈائرکٹر جنرل آف پولیس رتبہ کے آئی پی ایس آفیسر نے ایودھیا میں رام مندر کی جلد از جلد تعمیر کی کھلے عام تائید کرتے ہوئے ایک نیا تنازعہ چھیڑدیا ہے۔ ڈی جی (ہوم گارڈ) سوریہ کمار شکلانے نہ صرف لکھنو یونیورسٹی میں دو روز قبل رام مندر کے موضوع پر منعقدہ ایونٹ میں حصہ لیا بلکہ رام مندر کی تعمیر کا عہد لیتے ہوئے متنازعہ حرکت کی ہے جو کیمرے میں محفوظ ہے۔ 1982 بیاچ کے انڈین پولیس سرویس آفیسر کا رام مندر کی تعمیر سے متعلق عہد والا ویڈیو کلپ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر آج وائرل ہوگیا۔ انہیں ویڈیو میں یہ کہتے دیکھا جاسکتا ہے کہ ’’ہم رام بھکت آج اس پروگرام کے تحت یہ عہد کرتے ہیں کہ جلد از جلد ایودھیا میں رام مندر کرنی ہوگی۔‘‘ کئی دیگر لوگوں نے بھی اس موقع پر عہد کیا اور بھگوان رام کے نام پر نعرے بلند کیے۔